وزیراعظم اور اداروں سے مایوس شہری کی ٹرمپ سےاپیل
فوٹو: زمینی حقائق ڈاٹ کام ، فائل
اسلام آباد(محبوب الرحمان تنولی)وزیراعظم عمران خان، بیت المال ، ذکوة کمیٹی اور دیگر اداروں کو مالی مدد کی درخواستیں کرکے تنگ آنے والے ہری پور کے شہری نے بیوی کے علاج کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مدد کی اپیل کردی۔
ہری پور کے رہائشی ممتاز ولد رشید نے ، زمینی حقائق ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری بیوی گزشتہ 4سال سے شوگر کی مریضہ ہے اور اس کے علاج کیلئے کئی شہروں کے اسپتالوں میں جا چکا ہوں۔
ممتاز کاکہنا ہے کہ ہری پور، ایبٹ آباد، راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں بیوی کو علاج کیلئے لے کر گیاہوں لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا بلکہ اب وہ پاوں سے معزور بھی ہو چکی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ میں دو سال پہلے کپڑے کا کاروبار کرتا تھا لیکن اہلیہ کی بیماری کی وجہ سے اب میں کوئی محنت مزدوری کرنے کے قابل بھی نہیں ہوں اور مہنگے علاج کی وجہ سے نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مدد کی درخواست کرنے والے ممتاز نے بتایا کہ مجھے امید تو ٹرمپ سے بھی کم ہی ہے لیکن میں نے اپنے حکمرانوں اور اداروں سے مایوس ہو کر ایسا کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو 3مرتبہ درخواستیں دیں، ڈپٹی کمشنر ہری پور کو احوال سنایا، بیت المال میں درخواستیں دیں جب کہ ذکوة کمیٹی والوں نے تو میری درخواست کے باوجودمجھے رجسٹرڈ تک نہیں کیا۔
ممتاز ولد شیرزمان نے اپنے شہری ہری پور سے ایوان بالا کے نمائندے سینیٹر طلحہ محمود کے بارے میں کہا کہ وہ جہاں نمود و نمائش ہو وہاں سب کی مدد کرتے ہیں لیکن رابطہ کرنے کے باوجود مجھ غریب کی مدد نہیں کی۔
ممتاز کا کہنا تھا کہ اہلیہ بستر مرگ پر ہیں اور میں اتنا مجبور ہو گیا ہوں کہ اب تو بھائی بھی نہیں پوچھتے ۔میرے پاس اور کوئی راستہ نہیں بچا تھا اس لئے سوچا امریکی صدر کو ہی درخواست کردوں شاہد امریکی سفارتخانہ یاان کا کوئی ادارہ مددکردے۔
انھوں نے کہا کہ بظاہر میں ایک ایسا شخص ہوں جو غربت کی وجہ سے ایسے مسائل کا شکارہے لیکن ایسا نہیں ہے ،مہنگائی کی چکی میں پسنے والے ہزاروں افراد فاقہ کشیوں کاشکارہیں،حکومتی ادارے محض سفارشیوں اور اثر و رسوخ رکھنے والوں کی مدد کرتے ہیں۔
ممتاز کا کہنا تھا کہ جب سارے اداروں سے کوئی جواب نہ ملا تو میں نے تو میں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی دو درخواستیں بھیجیں کیونکہ میرا خیال تھا شاید ان کے احکامات پر کوئی ادارہ مدد کردے لیکن ادھر سے بھی جواب نہیں ملا۔
دردناک لہجے میں گفتگو کرتے ہوئے ممتاز کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان سمیت جن جن شخصیات اور اداروں کا نام لیا ہے ان سب کی درخواستوں کی فائلز میرے پاس پڑی ہیں کوئی یہ ریکارڈ دیکھے تو دکھا سکتا ہوں۔
ممتاز کا کہنا تھا کہ مجھے اس وقت مزید صدمہ ہوا جب میں نے مایوسی کی حالت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو لکھی گئی درخواست سوشل میڈیا پر شیئر کی تو بعض لوگ میری مجبوری سمجھنے کی بجائے مزاق اڑاتے رہے۔
Comments are closed.