پشاور، بھارتی اداکار، دلیپ کمار، کے گھر کی خریدکا عمل شروع
فوٹو : سوشل میڈیا
پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)بھارت کے ور سٹائل لیجنڈ ادا کار یوسف خان المعروف دلیپ کمار اور اج کپور کے پشاور میں گھر وں کو میوزیم بنانے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے سیکشن فور نافذ کردیا ہے، محکمہ آثار قدیمہ گھر خرید کر میوزیم میں تبدیل کرے گی۔
دلیپ کمار کا یہ آبائی گھر اگرچہ صرف 4مرلے کا ہے لیکن اس کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر محکمہ آثار قدیمہ گھر کو خرید کر پہلے اسے اس کی اصل شکل میں بحال کرے گا اور اس کے بعد اسے میوزیم کا درجہ ملے گا۔
پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے محلہ خدا داد میں واقع دلیپ کمار کے آبائی گھر کو خریدنے کے لیے سیکشن فور نافذ کردیا جس کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، محکمہ آثار قدیمہ نے گھر خریدنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔
اس حوالے سے صوبائی مشیر اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ حکومت دلیپ کمار کا 4 مرلے کا گھر خریدنے کا عزم رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے سیکشن فور نافذ کردیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں گھر کو خریدا جائے گا جس کے لیے حکومت فنڈ مہیا کررہی ہے۔
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں گھر کی مرمت اور اس کی اصلی حالت میں بحالی کا کام ہوگا اور بحالی پلان کے تحت گھر کو میوزیم میں تبدیل کردیا جائے گا۔
واضح رہے چند دن قبل حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں واقع دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کے بعد دلیپ کمار نے اپنے آبائی گھر کی تصاویر شیئر کرنے کی درخواست کی تھی۔
گزشتہ دنوں صوبہ خیبرپختونخوا کے محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا تھا کہ صوبائی حکومت نے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کردی ہے۔
ان کے مطابق دلیپ اور راج کمار کے گھروں کو حکومت خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔
ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا کہ دونوں اداکاروں کے گھروں کے حالیہ مالکان وہاں کمرشل پلازہ بنانے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں دونوں تاریخی عمارتوں کی توڑ پھوڑ بھی شروع کردی تھی۔
دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے شوہر کے آبائی گھر کو خریدنے اور اسے میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے ان کا کہنا تھا کہ
میں صوبائی حکومت کی کوششوں میں کامیابی کی خواہش مند ہوں اور پوری اُمید کرتی ہوں کہ اس بار یہ خواب پورا ہو گا۔
سائرہ بانون نے کہا جب بھی مجھے پشاور میں واقع یوسف صاحب کے آبائی گھر سے متعلق یہ خبر ملتی ہے تو میرا دل خوشی سے بھر جاتا ہے جسے صوبائی حکومت بارہا ایک یادگار میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گھر میرے شوہر کے لیے انتہائی جذباتی اہمیت کا حامل ہے اور کچھ برس قبل جائیداد کے سلسلے میں ایک دورے کے دوران میں ان کے اس فخر اور خوشی میں شریک ہوئی۔
دلیپ کمار کی خواہش پر ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صحافی نے پشاور میں واقع دلیپ کمار کے آبائی گھر کی تصاویر شیئر کی تھیں جس پر اداکار دلیپ کمار نے ان تصاویر کو ری ٹوئٹ کیا اور اپنے گھر کی تصاویر شیئر کرنے پر شکریہ ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ دلیپ کمار اور راج کپور تقسیم ہند سے قبل متحدہ ہندوستان میں پشاور میں پیدا ہوئے تھے،دلیپ کمار کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے قصہ خوانی بازار میں 1922 میں مسلمان گھرانے میں ہوئی تھی اور ان کا اصل نام محمد یوسف ہے۔
اسی طرح راج کپور کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے حویلی دلگران میں ہندو خاندان میں 1924 میں ہوئی تھی،دونوں بولی وڈ لیجنڈز کے علاوہ بھی دیگر چند بولی وڈ شخصیات پشاور اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں پیدا ہوئی تھیں ۔