انسٹیٹوشن آف انجینئرزسعودی عرب کابین الاقوامی آن لائن سیمینار
الریاض (ابرار تنولی) انسٹیٹوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عرب کے زیر اہتمام پہلے بین الاقوامی آن لائن سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں سفیر پاکستان کی نمائندگی سفارتخانہ کے پولیٹیکل سیکرٹری سیف اللہ خان نے کی.
"جامعات اور صنعتوں کا باہمی تعاون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی” کے عنوان سے منعقدہ اس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیمینار کے کلیدی مقرر این ای ڈی یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ گزشتہ عرصے میں ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقی نے مختلف صنعتوں کی حکمت عملی اور طریقہ کار میں انقلاب برپا کر دیا ہے.
انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ درسی مواد اور عملی میدان کے درمیان خلا کو کم کیا جائے اور درسی علوم اور زمینی میدان عمل کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے جس سے نہ صرف طلباء کو فائدہ ہوگا بلکہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں نئی تحقیق کی راہیں ہموار ہوں گی.
اس طرح جامعات پاکستان کی موجودہ صنعتی، معاشی اور معاشرتی مسائل کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکیں گی، انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے طلباء اور اساتذہ کو مشترکہ تحقیقاتی کام کرنے میں مدد ملے گی اور ان کو جدید صنعتی ضروریات اور مشکلات سے بھی آگاہی حاصل ہوگی جس سے طلباء عملی زندگی میں جانے سے پہلے ہی ان مسائل کا حل ڈھونڈنے اور اس پر تحقیق کرنے کی تگ ودو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے نجی و سرکاری اداروں سے مالی معاونت بھی میسر ہو گی جبکہ اداروں کو اپنی مصنوعات اپنے نام رجسٹرڈ کرانے اور لائسنس لینے سے مالی فائدہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے پولیٹیکل سیکرٹری سیف اللہ خان نے انسٹیٹوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ سیمینار اور ان کی انجنیئرنگ کے شعبے کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی انجینئرز سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انسٹیٹوشن کے چیئرمین انجنیئر سید محمد اقبال نے اپنے خطاب میں سیمینار کے اہم نکات کی طرف توجہ دلانے کے ساتھ ساتھ سعودی حکومت اور سفارتخانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر سکالرشپ کمیٹی کے آرکیٹکٹ فاروق اقبال نے پاکستان میں انجنیئرنگ کے طلباء کے وظائف کے پروگرام کو کامیابی سے چلانے کو انسٹیٹوشن کی بڑی کامیاب قرار دیا اور انجنیئرنگ سے وابسطہ افراد سے اس عظیم مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
اس سے قبل سیمینار کا باقاعدہ آغاز انجینئر ڈاکٹر حافظ عمران نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور سیکرٹری جنرل انجینئر محمد عاصم صدیقی نظامت کے فرائض انجام دیئے، سیمینار کے اختتام پر میزبان شیخ اسرار احمد کی طرف سے پرتکلف عشائیے دیا گیا جس میں انسٹیٹوشن کے صدر انجنیئر سید محمد اقبال سمیت متعدد کونسل ممبران نے شرکت کی۔