ملک گیر 5 روزہ پولیو مہم شروع ہو گئی
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) ملک بھر میں آج قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے یہ مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی.
پانچ تک جاری رہنے والی اس ملک گیر قومی انسداد پولیو مہم میں 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو کہ بیک وقت شروع ہو چکی ہے.
انسداد پولیو مہم آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں چلائی جارہی ہے ، مہم میں دو روز کیچ اپ ڈیز ہونگے، کیچ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن کی جائے گی۔
پنجاب میں ایک کروڑ 99 لاکھ، سندھ میں 92 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 67 لاکھ، آزاد کشمیر میں 6 لاکھ 69 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 39 ہزار، بلوچستان میں ساڑھے 24 لاکھ بچوں کو پولیو قطرے پلائے جانے ہیں.
آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ساڑھے تین لاکھ بچوں کی پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔
ملک بھر میں مہم کے دوران 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں ۔ انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔ پولیو مہم کے حوالے سے تمام افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
فیصل آباد میں پانچ سال تک کی عمر کے 13 لاکھ 81 ہزار 750 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ گوجرانوالہ میں 9 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا نے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پولیومہم کو کا میاب بنانے کے لئے علماء کرام، قبائلی رہنماؤں اور معتبرین کی بھی مدد لی جارہی ہے تاکہ اس موزی مرض کے خاتمے کی مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔
خیال رہے کہ رواں برس کے دوران ملک میں اب تک پولیو کے 73 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ برس پولیس کے 147 کیسز سامنے آئے اور 2018 میں یہ تعداد 12 تھی۔
صوبائی اعدادو شمار کے مطابق خیبرپختونخوا اور سندھ میں اب تک 22، 22کیسز سامنے آچکے ہیں، بلوچستان میں کیسز کی تعداد 20 ہے جبکہ پنجاب میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔