شین کا نون سے نکلنا طے ہے،کل این آر او کا سلسلہ دفن کردیا،شیخ رشید

0

راولپنڈی(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میری کل شہبازشریف اور بلاول سے ملاقات ہوئی سب پرباش ہیں، شین کا نون سے نکلنا طے ہے۔

شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ میں ہونیوالی قانون سازی ملک کے مفاد میں ہوئی، ایف اے ٹی ایف حساس بل تھا، اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی.

انھوں نے کہا کہ اہم معاملات پر قانونی سازی حکومت کی بڑی کامیابی ہے، کل کسی قانون کو نہیں روندا گیا، اپوزیشن کے کل 38 ارکان اسمبلی میں کم تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نے ثابت کیا کہ اس نے منی لانڈرنگ بل میں سرنڈر نہیں کیا، کل قانون سازی کر کے این آر او کو دفن کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا اپوزیشن کی 20 ستمبر کو اے پی سی ناکامی سے دوچار ہوگی، اپوزیشن کوئی بڑا فیصلہ نہیں کرسکتی، اپوزیشن جلسہ جلوس ہی کھیلے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے منی لانڈرنگ بل پر بارگیننگ نہیں کی اور نہ سرینڈر کیا، نیب کے کیسز میں حکومت نے جھکاؤ نہیں دکھایا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف میں جرات نہیں کہ جیل نہیں کاٹ سکیں، وہ آج بھی این آر او کی تلاش میں ہیں لیکن کل پاکستان نے این آر او کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کسی نےکوئی ریڈ لائن کراس نہیں کی، کل کے اجلاس میں شہباز شریف کا مورال تھوڑا کمزور تھا اور پیپلز پارٹی زیادہ فعال تھی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں کل شہباز شریف نے ایسی کوئی غلط بات نہیں کی، شہباز شریف نے کل اسمبلی اور اسپیکر کا پورا احترام کیا، رات شہباز سے ذرا بات نہ ہوسکی ورنہ شہباز شریف سےکہتا کہ وہ اپنےآپ کو ضائع نہ کریں۔

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 ستمبر کو اے پی سی ناکام ہو گی، اپوزیشن سوائے جلسے جلوس کے کچھ نہیں کرے گی۔ اے پی سی میں جو مرضی شامل ہو جائے، مریم بھی شامل ہو جائیں، کچھ بھی نہیں ہو گا، اپوزیشن ٹائیں ٹائیں فش ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں شیعہ سنی فساد کرانے کی بھارتی سازش ناکام بنا دی گئی ہے، شیعہ سنی علما کو قتل کرنے کا منصوبہ بنانے والے کچھ لوگ پکڑ لیے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سازش یہ تھی کہ راولپنڈی اسلام آباد جیسے حساس شہروں میں قتل و غارت کر کے ملک بھر میں آگ لگائی جائے، جو ملزمان کو پکڑ کر ناکام بنا دی گئی ہے، ملک میں قائم شیعہ سنی ہم آہنگی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.