مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی، 10 نوجوان شہید
سری نگر(نیٹ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 10 نوجوانوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا۔
قابض فوج نے ضلع پلوامہ کے علاقے خارپورا میں آپریشن کرتے ہوئے 3 کشمیری نوجوانوں ظہور ٹھوکر، عدنان اور منظور کو شہید کردیا۔
بے گناہ نوجوانوں کی شہادت پر کشمیریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا جس کے دوران مظاہرین اور فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
قابض افواج نے نہتے مظاہرین پر فائر کھول دیا جس سے مزید 7 نوجوان شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ دو نوجوانوں کی شناخت عامر احمد اور عابد احمد لون کے نام سے ہوئی۔
علاقے میں شدید کشیدہ صورتحال ہے اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی بھر میں ٹرین سروس معطل اور انٹرنیٹ بند کردیا ہے۔ اسی علاقے میں دستی بم کے حملے اور فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ ظہور ٹھوکر، عدنان اور منظور کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا جب کہ عامر احمد، عابد احمد لون سمیت 7 افراد عام شہری تھے۔