تفتان، چمن اور طورخم بارڈر پر1200 کمروں 3 قرنطینہ سینٹرز قائم
فوٹو :این ڈی ایم اے
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) تفتان، چمن اور طورخم بارڈر پر1200 کمروں پر مشتمل تین قرنطینہ سینٹرز قائم کر دئیے کچھ پر ابھی کام جاری ہے .
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق تفتان میں 600، جبکہ چمن اور طورخم بارڈر پر تین تین سو کمروں کے قرنطینہ سینٹر قائم کئے جا رہے ہیں۔
ایران اور افغانستان کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم ہونے والی یہ عارضی قیام گائیں پری فبریکیٹڈ پورٹیبل کنٹینر میں ایک کمرہ ایک باتھ روم طرز پر یہ قرنطینہ سنیٹر قائم کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ساتھ ملنے والی سرحد طورخم پر قرنطینہ سینٹر مکمل کر کے لوکل انتظامیہ کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران کے داخلی راستوں تفتان اور چمن کےسینٹر بھی جلد مکمل کر لیے جائیں گے، تفتان میں قرنطینہ سینٹر میں جگہ کم ہونے سے پہلے بھی پاکستانی زائرین کو مشکلات درپیش آئی تھیں.
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قرنطینہ سینٹرز اگرچہ کورونا وائرس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان آنے جانے والے افراد کی چیکنگ اور انھیں قرنطینہ میں رکھنے کے لیے بنائے گئے ہیں تاہم یہ سہولت مستقبل میں بھی زائرین کے کام آئے گی.