وزیراعظم کا ٹائیگر فورس آپریشنل کرنے، لاک ڈاون بتدریج کھولنے کااعلان

0

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو آج سے ملک بھر میں آپریشنل کرنے کا اعلان کردیا، وزیراعظم نے اس عزم کااظہار کیا کہ کورونا وبا کنٹرول میں ہے اور جلد اس پر مکمل قابو پالیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا ٹائیگر فورس اثاثہ ہے جو ہرمشکل میں کام آئے گی، وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملکی معشیت کو بہت نقصان ہوا، لاک ڈاؤن میں آہستہ آہستہ نرمی کر رہے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں اور بارڈرکو بھی احتیاطتی تدابیر کے ساتھ کھول رہے ہیں۔

ملک بھر سے پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزرائے اعلی سمیت وفاقی وزراء ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں کورونا کی صورتحال، حکومتی اقدامات اور مرض سے متعلق خدشات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ٹائیگر فورس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس فورس کا مقصد مشکل وقت میں قوم کی خدمت کرنا ہے کیونکہ انتظامیہ کے پاس اتنی استعداد نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال بنانے سے قبل اسکول کے بچوں کی ٹائیگر فورس بنائی تھی اور اس رضاکار فورس کے باعث ہسپتال بن گیا اور اسی کی بنیاد پر مجھے دوبارہ ٹائیگر فورس بنانے کا خیال آیا۔

عمران خان نے کہا کہ جب لاک ڈاؤن کھولیں گے تو لوگوں کو نوکریاں ملیں گی لیکن مکمل کھول دیا اور لوگوں نے ہدایات پر عمل نہ کیا تو خدشہ ہے کہ کورونا وائرس پھر پھیلا گیا اور ہمیں دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا۔

وزیراعظم نے کہا حکومت نے مشکل حالات کے باوجود مجموعی طور 1.25 کھرب روپے کے معاشی پیکیج کا اعلان کیا، ملک کے سوا ایک کروڑمستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے میرٹ پر فراہم کیے جارہے ہیں، مزدوروں اور ورکرز کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھی ایک خصوصی پروگرام کا اجراء کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندگان حکومت کی جانب سے ریلیف پیکیج سے مستحقین کو فائدہ یقینی بنائیں، زندگی کے ہر شعبے سے تعلقرکھنے والے افراد نے ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کی، دس لاکھ رضاکاروں پرمشتمل کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو برؤے کار لانے کے لئے ٹی او آرز تیار کیے جا چکے ہیں، خدمت کے جذبے سے سرشار یہ ٹائیگرفورس عوام کو ریلیف کی فراہمی میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کرے گی۔

انھوں نے کہا ٹائیگرفورس عوامی مقامات پرحفاظتی اقدامات پرعمل درآمد میں معاونت کرے گی اوریوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کے اسٹاک کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ رکھے گی، وزیراعظم نے کہاعوامی نمائندوں کے لیے عوام کی خدمت کا بہترین موقع ہے، موجودہ وقت سارے اختلافات بھلا کر قوم کی خدمت کا تقاضا کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچانے ہیں، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتظامیہ کے ساتھ مل کرقیمتوں پرنظررکھیں، ارکان اسمبلی کورونا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کومتحرک کریں۔ حکومتی گائیڈ لائنزپرعملدرآمد کروانے میں انتظامیہ کے ساتھ مل کرکام کریں۔

اس سے قبل ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں کورونا کی صورتحال پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے بارے میں پارٹی اراکین کو گائیڈ لائینز فراہم کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے حلقوں میں ٹائیگرفورس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 20 ہزار 603 افراد متاثر اور 469 اموات ہو چکی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کو لاک ڈاؤن سے متعلق حکومتی ہدایات سے عوام کو آگاہ کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.