بھارتی جارحیت کی مذمت، چین، میڈیا اور علماء کا شکریہ، ترجمان پاک فوج
فوٹو : سوشل میڈیا
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے آئندہ 15 روز بہت اہم ہیں،خدشہ ہے آنے والے دنوں میں کورونا کی تعداد بڑھ سکتی ہے بہتر ہےعوام گھروں میں رہیں اور اسے ہی عبادت گاہ بنا لیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پریس بریفنگ میں کہا کہ دعا ہے رمضان کی برکت سے پاکستان اور دنیا کو کورونا سے نجات ملے، آرمی چیف نے رمضان میں سول اداروں سے مل کر تمام وسائل بروئے کار لانےکی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا اور اس وقت سے اب تک بھارت نے 850 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جان بوجھ کر ایل او سی پر آبادیوں کو نشانہ بنایا اور سیز فائر خلاف ورزیوں میں بھارت نے بھاری آرٹلری کا استعمال کیا۔
میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیانات اندرونی ناکامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہیں ، آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے تمام عالمی قوانین کو پامال کیا، بھارت نے عالمی قوانین کو پامال کر کے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا بھارت کی کشمیر میں لگائی گئی نفرت کی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے، بھارت کی حالیہ الزام تراشی کا مطلب اپنی غلط پالیسیوں سے ہوئے بلنڈر سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، موجودہ صورتحال میں بھی بھارت آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی مقبوضہ کشمیر میں دنیا میں سب سے کم کیسز ہیں، بھارت اپنے داخلی معاملات سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، وبا کو اسلام سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش کی پوری دنیا نے مذمت کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے انفرادی اور اجتماعی شدید احتیاط کی ضرورت ہے اور پاک فوج کے تمام دستیاب وسائل اس وبا سے نمٹنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران چائنا نے پاکستان کی مدد کر کے اچھے دوست ہونے کا ثبوت دیا، آج بھی چین سے 2 جہاز امدادی سامان اور ڈاکٹرز کی ٹیم لے کر پاکستان پہنچا ہے، چائنیز ڈاکٹرز 2 ماہ تک پاکستان میں قیام کریں گے، چین کی اس مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ تمام فرنٹ لائن ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، علمائے کرام اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، علمائے کرام کا کردار قابل تعریف رہا اور میڈیا نے کورونا سے متعلق آگہی میں شاندار کردار ادا کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 17 اندرونی ریلیف پروازوں کے ذریعے 64 ٹن سامان مختلف علاقوں میں پہنچایا گیا اور کورونا وائرس کے دوران لاکھوں مستحق افراد کو راشن پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں پاک فوج نے انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، تافتان، طورخم، چمن میں قرنطینہ اور آئسولیشن سہولتیں قائم کر دی ہیں۔