وزیراعظم اور آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں ملکی سلامتی کے امور اور کورونا وبا کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پرڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم اور آرمی چیف کا استقبال کیا بعد میں دونوں رہنماؤں کو خارجی اور داخلی محاذ پر درپیش چیلنجوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دی گئی بریفنگ کے موقع پر وفاقی وزرا اور مشیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
اس حوالے سے دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ ملکی سلامتی، سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔