بے روزگاروں کے قرضے ، کریڈٹ کارڈزبل معافی کا فیصلہ
فوٹو: زی بزنس فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے بینکوں کے 2لاکھ روپے تک کے قرضے اور ایک لاکھ روپے تک کی کریڈٹ کارڈز کی واجب الادا رقم معاف کرنے کا فیصلہ کرلیا،معافی کی مد میں بننے والی کل رقم کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کورونا وائرس اور لاک ڈاون کے بعد بے روزگارافراد کو ریلیف دینے کیلئے کیا ہے،بتایا گیا ہے کہ حکومت اس حوالے سے آئندہ دو ہفتوں میں اعلان کرسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 2لاکھ روپے قرض معاف کرنے کیلئے ضروری ہے کہ قرض لینے والا بینک سے نادہندہ ڈیکلیئرنہ ہوا ہو ، جب کہ اسی طرح ایک لاکھ روپے کریڈٹ کارڈ کی معافی بھی ریگولر افراد کو دی جائے گی۔
قرض کی دونوں اقسام میں حکومت عام معافی کا اعلان کرنے کی بجائے صرف ان افراد کے نام پر غور کیا جائے گا جو کچھ تعلیم یافتہ اور گزشتہ کچھ عرصہ سے بے روزگار ہوں یا ان تاجروں کو جن کو کورونا کے باعث ادائیگی رہ گئی ہو۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث بے روزگاری میں اضافہ پر بے روزگار افراد کو ریلیف دینے کیلئے 2 لاکھ روپے تک قرضے معاف کی صورت میں تخمینہ لگانے کا کہا ہے۔
حکومت تخمینہ لگنے کے بعد کل رقم کی معافی اور بینکوں کو نقصان پورا کرنے کیلئے عالمی ڈونرز سے رجو ع کرسکتی ہے تاکہ بینکوں پر بھی بوجھ نہ پڑے اور بے روزگار ہونے والے افراد کو بھی ریلیف دیا جائے۔
اس سلسلہ میں جب وزارت خزانہ کے ایک اعلیٰ افسر سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے تائید یا تردید کرنے سے انکار کیا۔