کتاب تہذیب ، ثقافت اور معاشرتی ترقی کی آئینہ دار ہے، امتیاز تاج جنڈا

0


ریاض (ابرار تنولی) کتاب کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے
منطقہ شرقیہ کے اہم شہر الخبر میں "ریڈ پاکستان بک کلب” سعودی عرب چیپٹر کی جانب سے اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر مطالعہ کی اہمیت اور اس سے حاصل ہونے والے علم کے بارے میں مقررین نے سیر حاصل گفتگو کی، تقریب کا انعقاد مملکتِ سعودی عرب میں قائم ریڈ پاکستان بک کلب کے صدر امتیاز تاج جنڈا کی صدارت میں ہوا، اس موقع پر مہمان خصوصی آئی ای پی کے چیرمین رضوان احمد پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کتاب تہذیب، ثقافت، معاشی، سائنسی اور عملی ترقی کی آئینہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ انسان کی بہترین دوست بھی ہے کتابوں سے دوستی رکھنے والا انسان کبھی تنہا نہیں ہوسکتا آج کل کے جدید دور میں جہاں انٹرنیٹ اور موبائل نے انسان کو اپنی گرفت میں جکڑا ہوا ہے اور انسان جدت کی نئی راہیں تلاش کر رہا ہے ان سب چیزوں کے باوجود کتاب کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے انٹرنیٹ پر ای بکس کو بھی کتابی شکل میں رکھا جاتا ہے تاکہ پڑھنے والا کتاب کی اہمیت سے بہتر انداز میں روشناس ہو سکے انہوں نے اپنے خطاب میں اپنی ہی کتاب “کل آج اور کل” سے کچھ اقتباسات پیش بھی کئے۔

ریڈ پاکستان بک کلب سعودی عرب کی سیکرٹری اطلاعات جویریہ اسد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کل کے دور میں والدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کتب دوستی کی جانب مائل کریں اس کے لئے آسان طریقہ یہی ہے کہ والدین روزانہ کی بنیاد پر اپنے بچوں کے ہمراہ بیٹھ کر کتاب کے مطالعہ کو یقینی بنائیں اس سے بچوں میں بھی کتاب پڑھنے کا شوق پیدا ہوگا ۔
ریڈ پاکستان بک کلب کے صدر امتیاز تاج جنڈا نے ریڈ پاکستان بک کلب کے بارے میں بتایا کہ ہم اس کوشش میں ہیں کہ لوگوں کو کتاب کی جانب واپس لایا جائے کیونکہ کتاب انسانی دماغ کے دریچوں کو کھولتی ہے معاشرتی ترقی کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ عوام مروجہ علوم اور زمانے کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں ان کی جتنی علمی صلاحیت بلند ہوگی ملک بھی اتنی ترقی کرے گا اور انسانی ہمدردی، اخلاق اور باہمی بھائی چارے کی فضا کو بھی فروغ ملے گا انہوں نے کہا کہ 23 اپریل کو کتاب کا عالمی دن منایا جاتا ہے لیکن کتاب کا عالمی دن منانے سے کوئی خاطر خواہ تبدیلی رونما نہیں ہوگی جب تک کتاب کو معاشرے کے اندر روشناس نہیں کروایا جاتا ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ مختلف علوم پر مبنی کتابوں اور لیٹریچر کو فیملیز کے اندر روشناس کروایا جائے تاکہ وہ یکساں طور پر اس سے مستفید ہو سکیں۔

پاکستان انٹرنشنل سکول الخبر کے استاد زاہد اکرام، بچوں میں طحہ جاوید ،ہنزلہ طارق اور فیض علی نے اپنی پسندیدہ کتابوں سے متعارف کرایا بعد ازاں طحہ جاوید، سعید نور امام ،راحیل افتخار اور فیض علی حسن کو بچوں سفیر مقرر کیا گیا تاکہ مطالعہ کے فروغ اور مختلف مکتبہ فکر میں ترویج کو فروغ دیا جا سکے۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض آر جے فواد نے خوش اسلوبی سے ادا تقریب میں شامل دیگر منتظمین نمیرہ محسن، مہناز شاکر، اسد علی حسن اورشاکر حسین نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کی تقریب کے آخر میں سوال جواب کا ایک مرحلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں مطا لعے کے رجحان اور نئی نسل میں اس کے فقدان کو زیرِ بحث لایا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.