آئی ایم ایف کا پاکستان کیلئے 1 ارب 38 کروڑ، 60 لاکھ ڈالر قرضہ منظور
ویب ڈیسک
اسلام آباد : پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے 1 ارب 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دیدی ہے، آئی ایم ایف کے اعلامیہ میں نئے قرضے کی منظوری کی تصدیق کی گئی ہے.
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے پاکستان کیلیے 1 ارب 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دیدی ہے، یہ قرضہ کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کیلیے منظور کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان کیلیے قرضہ ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ(آر ایف آئی) کے تحت منظورکیا گیا، کورونا سے ہونیوالے معاشی نقصان کے باعث پاکستان کی ادائیگیوں کے توازن کی ضرورت پوری کرنے کیلیے یہ قرضہ فراہم کیا گیا.
اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے مستقبل میں غیر یقینی صورتحال رہنے کی توقع ہے، کورونا کی وجہ سے پاکستان کی مالی و ایکسٹرنل فنانسنگ کی ضروریات میں اضافہ ہوگا۔
قرضہ گرتے ہوئے غیر ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کو سنبھالنے میں معاون ہوگا، اس سے پاکستان کو بجٹ کیلیے درکار فنانسنگ میں بھی مدد ملے گی جب کہ اس امداد سے کورونا کی وجہ سے ہونیوالے اضافی اخراجات کو پورا کیا جاسکے گا۔
بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف حکام کورونا کے حوالے سے پاکستان حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ کورونا کی وجہ سے دی جانے والی سبسڈی کے بارے میں پاکستان کے ساتھ جاری ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام مذاکرات میں بھی زیر غور ہوگا۔