وفاقی کابینہ،16وزراء، 5مشیروں کے نام اور محکموں کااعلان
اسلام آباد( ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے 21 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی، شاہ محمود وزیرخارجہ، فواد چوہدری وزیراطلاعات، پرویز خٹک وزیردفاع، فروغ نسیم وزیر قانون، شیخ رشید وزیر ریلوے اور خالد مقبول کو وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی دی گئی۔
پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 21 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دی ہے جس میں 16 وزراء اور 5 مشیر شامل ہوں گے جبکہ وزراء پیر کے روز اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔
عمران خان نے اپنی کابینہ میں شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ، پرویز خٹک کو وزیر دفاع، اسد عمر کو وزیر خزانہ و اقتصادی امور اور شیریں زاری کو انسانی حقوق کا قلمدان دیا ہے۔
شفقت محمود کے پاس وزارت تعلیم اور قومی تاریخ و ادب ہوں گی، فواد چودھری وزیر اطلاعات، خسرو بختیار آبی وسائل جبکہ عامر کیانی وفاقی وزارت صحت کا قلمدان سنبھالیں گے۔
ایم کیو ایم کے فروغ نسیم وزیر قانون اور خالد محمود صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر ہوں گے۔ وزارت ریلوے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے سپرد کی گئی ہے جبکہ جی ڈی اے کی رکن اسمبلی فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ کی وزیر ہوں گی۔
طارق بشیر چیمہ ریاستی و سرحدی امور کے وزیر ہوں گے، نورالحق قادری کو مذہبی و اقلیتی امور کی وزارت دی گئی ہے۔ غلام سرور خان کو پیٹرولیم ڈویڑن سونپا گیا ہے جبکہ زبیدہ جلال دفاعی پیداوار کی وفاقی وزیر ہوں گی۔
مشیروں میں شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داوٴد کامرس اینڈ انڈسٹری، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم ماحولیات اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔