مسلہ کشمیر کےاقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجائے،چین
ویب ڈیسک
فوٹو: فائل
نیویارک : چین نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں چینی مشن کے ترجمان نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت نہ کرنے کے بھارتی موقف کو مسترد کرتے ہوئے چین کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر پر اُس کے نقطہ نظر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
چینی ترجمان نے واضح کیا کہ چین اب بھی کشمیر کو تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا سمجھتا ہے اور چین کا یہ مطالبہ ہے کہ اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
ترجمان نے بھارتی میڈیا کا یہ دعویٰ کہ چین نے گزشتہ ماہ سلامتی کونسل کی اپنی صدارت کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر فوری توجہ دینے کا پاکستانی مطالبہ نظر انداز کر دیا تھا کو مسترد کیا۔
چینی ترجمان نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر بدستور اہم ہے اور چین مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔
انھوں نے واضح کیا کہ چین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کا مخالف ہے اور وہ اس تنازع کا اقوام متحدہ کے منشور اور قراردادوں کے مطابق پُرامن حل چاہتا ہے۔