حکومت بجلی اور گیس کے بل معاف کرے، سراج الحق

0


فوٹو: فائل

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹرسراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام کو بجلی کے بلوں میں تین ماہ کی تاخیر کی بجائے بجلی و گیس کے بلز معاف کردے۔

بجلی و گیس کے بل تین ماہ کی تاخیر سے جمع کرانے کی چھوٹ پر رد عمل میں سینیٹرسراج الحق نے ایک بیان میں کہا دیہاڑی دار مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔

انھوں نے کہا حکومت فوری طور پر بجلی و گیس کے بلوں کی معافی کا اعلان کرے، حکومت روزانہ امدادی پیکیج کے اعلانات کرتی ہے مگر ابھی تک کسی کو ایک روپیہ نہیں ملا ہے۔

سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا کہ کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،حکومت بچاؤ کیلئے سرعت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے، یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے اور چینی سمیت اشیائے خور ونوش کی دستیابی کو یقینی بنائے۔

سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ حکومت ٹائیگرز کیلئے خطیر رقم خرچ کرکے چار لاکھ شرٹس بنوار ہی ہے، یہی رقم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی حفاظت کیلئے خرچ کی جاسکتی تھی۔

ڈاکٹرز اور عملے کو معیاری پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس (پی پی ای) دیئے جائیں، ڈاکٹرز کے مشورے سے ایک نیا کوڈ آف کنڈیکٹ بنانے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور عملہ کی حفاظت کو بھی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.