ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کی درخواست مسترد
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت پر اعتماد کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایران میں پھنسے زائرین کو واپس پاکستان لانے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ حکومت پر اعتماد کریں، پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں ہے.
عدالت نے کہا پارلیمنٹ اور ایگزیکٹو موجود ہیں آپ متعلقہ فورم سے رجوع کریں، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ایران میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ویزے بھی ختم ہوچکے ہیں۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ بین الاقوامی سطح کا مسئلہ ہے، عدالت ان معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی، آپ متعلقہ فارم سے رجوع کریں اور یہ اخذ نہ کریں کہ حکومت کچھ نہیں کررہی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میڈیا میں تاثر دیا جارہا ہے کہ سارے مسائل زائرین کی وجہ سے ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ یہ پالیسی معاملہ ہے جب کہ عدالت کسی بھی تنازع میں نہیں پڑے گی لہذا درخواست مسترد کرتے ہیں۔