انتخابات2018،سات لاکھ پولنگ عملے کی تر بیت مکمل
اسلام آباد(وقار فانی مغل) عام انتخابات 2018 کے لئے سات لاکھ سے زائد پولنگ عملے کی تربیت مکمل ہو گئی ہے ۔ پریذائیڈنگ افسران و عملے کی تربیت 25 جون کو شروع ہوئی تھی ۔
تربیت مکمل کرنے والوں میں پریزائیڈنگ افسران و دیگر عملہ شامل ہے تربیت میں سمارٹ فون کے استعمال کے ذریعے انتخابی نتائج کی ترسیل بھی شامل ہے ۔ یورپی یونین انتخابی مبصر مشن (ای او ایم) پاکستان میں انتخابات کے بارے میں 27 جولائی کو ابتدائی رپورٹ جاری کرے گا۔
انتخابی مبصر گروپ 24 جون سے پاکستان میں مکمل فعال ہے ، مشن کو طویل المیعاد ایکریڈی ٹیشن دی گئی ہے۔ عام انتخابات کے موقع پر حساس پولنگ سٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔
الیکشن کمیشن عام انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ ، غیرجانبدارانہ اور بروقت انعقاد کیلئے پرعزم ہے اوراس مقصد کیلئے تمام ترتیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
عام انتخابات کے موقع پرپولنگ سٹیشنوں کے اندر اورباہر 3لاکھ70ہزارفوجیوں کی تعیناتی کی جائے گی ، 17ہزار پولنگ سٹیشنوں کو حساس قراردیاگیاہے جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔