مسجد الحرام میں ایک شخص نے دوسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی

0

ریاض(نیٹ نیو ز)  سعودی عرب میں مسجد الحرام کےاندر ایک شخص نے مطاف کی دوسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق خود کشی کرنے والا شخص فرانسیسی شہری ہے جس کی عمر 26 سال بتائی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حرم شریف میں خود کشی کرنے والے شخص کی ویڈیو اور اور تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نماز عشاء کے بعد اور تراویح سے پہلے مطاف کی دوسری منزل سے اس شخص نے چھلانگ لگا کر خود کشی کی۔

سعودی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے ایک غیر ملکی شخص نے مسجد الحرام کے مطاف کے حصے میں دوسری منزل سے چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں اور اسپتال منتقلی کے دوران وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

سعودی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں کہ مذکورہ شخص نے خود کشی کیوں کی اور حفاظتی جالی لگی ہونے کے باوجود وہ چھلانگ لگانے میں کیسے کامیاب ہوا۔

اس سے قبل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ خودکشی کرنے والا شخص پاکستانی شہری ہے تاہم اب سعودی حکام نے اس باد کی تصدیق کی ہے کہ مسجد الحرام میں خودکشی کرنے والا معتمر پاکستانی نہیں فرانسیسی شہری تھا۔ وہ 18رمضان کو مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پہنچا تھا۔

مدینہ منورہ میں ایک دن قیام کے بعد وہ مکہ مکرمہ روانہ ہوگیا۔ یہاں اس کا قیام عزیزیہ کے ایک ہوٹل میں تھا۔ 5دن بعد اس کی واپسی مقرر تھی۔

اس کی عمر 26سال تھی۔ وہ الجزائری نژاد فرانسیسی شہری تھا۔ اس کی نعش کنگ فیصل اسپتال کے سرد خانے میں رکھی ہے۔

گزشتہ برس بھی ایک سعودی شخص نے بھی کعبہ کے سامنے خود کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی تاہم سیکیورٹی فورسز نے اسے روک لیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.