پی ایس ایل کے آئندہ میچز خالی سٹیڈیم میں، کھلاڑی ہاتھ نہیں ملائیں گے

0

ویب ڈیسک

کراچی : آج سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل فائیو کے میچز شائقین کے بغیر خالی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
کی طرف سے کیا گیا تھا جبکہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو آپس میں ہاتھ ملانے سے بھی اجتناب برتنے کی ہدایت کر دی ہے.

بیان میں مزید کہا گیا کہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کو کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر  میچز کے انتظامات کے حوالے سے بریف کیا جس کے بعد مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دیں کہ وہ پی سی بی سے بات کر کے اس فیصلے پر عملدرآمد کروائیں۔

کمشنر کراچی نے اجلاس کے دوران ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرکے انہیں وزیر اعلیٰ کے فیصلے سے آگاہ کیا، صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ کیا کہ یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پی سی بی کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق سندھ حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت سندھ کی سفارش پر کراچی میں شیڈول پی ایس ایل کے اگلے تمام میچز بند اسٹیڈیم میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں شائقین کی انٹری مکمل طور پر بند ہوگی اور وہ صرف گھر بیٹھ کر ٹی وی میچز دیکھیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اورمیڈیا کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے.

اس کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا، کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں، مداحوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ کھلاڑیوں سے آٹوگراف ، تصاویر یا سیلفیز نہ لیں، علاوہ ازیں پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ میچ کے بعد کھلاڑی، حریف ٹیم کے اسکواڈ میں شامل اراکین سے ہاتھ ملانے کی بجائے زبانی بات چیت کریں.

Leave A Reply

Your email address will not be published.