ٹرمپ نے برطانیہ کے سوا 26 یورپی ممالک پر امریکہ کے سفر پر پابندی عائد

0

ویب ڈیسک

اسلام آباد : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس، جرمنی، یونان سمیت 26 یورپی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں اور ان ممالک کے باشندوں کو امریکا کا سفر کرنے سے روک دیا ہے۔

امریکی صدر نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیشِ نظر اٹھایا۔

رائٹرز کے مطابق اس اقدام کا اعلان انہوں نے اوول آفس میں ایک تقریر کرتے ہوئے کیا کیوں کہ انہیں اس مہلک وائرس کے باعث امریکا کو پہنچنے والے صحت اور معاشی دھچکوں سے لڑنا اور اس تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا تھا کہ انہوں نے اس خطرے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے لگائی گئی سفری پابندی کا اطلاق برطانیہ اور آئرلینڈ پر نہیں ہوگا نہ ہی یہ پابندی امریکی شہریوں کے لیے ہے۔

امریکی صدر نے صارفین کی طلب میں کمی سے اچانک نقصانات کا سامنا کرتے امریکی کاروباروں کو سہارا دینے کے لیے بھی متعدد معاشی اقدامات کا اعلان کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘یہ جدید تاریخ میں ایک غیر ملکی وائرس کا سامنا کرنے کی سب سے جامع اور جارحانہ کوشش ہے، میں پر اعتماد ہوں کہ اس قسم کے سخت اقدامات اٹھاتے رہنے سے ہم اپنے شہریوں کو لاحق خطرات کو بڑی حد تک کم کردیں گے۔

امریکی صدر کے خطاب کے بعد امریکی اسٹاک مزید 4 فیصد گر گئی جس سے اس بات کا اشارہ ملا کے وال اسٹریٹ کے لیے خسارے کا ایک اور دن منتظر ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین چین اور دیگر مقامات کا سفر روکنے اور احتیاطی تدابیر کرنے میں ناکام ہوگئی جس کے نتیجے میں امریکا میں بڑی تعداد میں کیسز سامنے آئے جن کی وجہ یورپ کا سفر کرنے والے بنے۔

امریکی صدر نے حکم نامے پر دستخط کردیے جس کے تحت زیادہ تر ان غیر ملکیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جو امریکا آنے کی تاریخ سے قبل 14 روز کے دوران کسی بھی یورپی ملک میں کہیں بھی رہے۔

امریکی محکمہ داخلہ کے مطابق جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ان ممالک میں آسٹریا، بیلجیئم، چیک ریپبلک، ڈنمارک، اسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، ہنگری، آئس لینڈ، اٹلی، لاطویا، لیچینسٹین، لگسمبرگ، مالٹا، نیدر لینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سلواکیہ، سلوینیہ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔

اس حکم کا اطلاق امریکی شہریوں، امریکا میں قانونی طور پر مقیم مستقل رہائشیوں، امریکی شہریوں کے خونی رشتوں اور اس طرح کے دیگر افراد پر نہیں ہوگا۔

واضح رہے کورونا وائرس سے اب تک امریکا میں 37 افراد ہلاک اور ایک ہزار 281 متاثر ہوچکے ہیں، سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئیں، جنوبی کوریا، ایران، اٹلی میں بھی بڑی تعداد میں لوگ مر رہے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.