فاٹا خیبر پختونخوا کا حصہ بن گیا، صدر نے آئینی ترمیم پر دستخط کردیئے

0

فائل فوٹو

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قبائلی علاقے باقاعدہ طور پر صوبہ خیبر پختونخوا کا حصہ بن گئے صدر ممنون حسین نے آئینی ترمیم پر دستخط کردیے ہیں ۔فاٹا کے عوام کو بھی ملک کے دیگر حصوں کے عوام کے مساوی آئینی حقوق حاصل ہو گئے ہیں۔

آئینی ترمیم پر دستخط کے سلسلے میں جمعرات کو ایوان صدر میں سادہ مگر پر وقار تقریب ہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، فاٹا ریفارم کمیٹی کے سربراہ سرتاج عزیز، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے قانونی امور بیرسٹر ظفراللہ خان بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر قبائلی علاقوں کے عوام کو دلی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی اقدام سے سابقہ قبائلی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھل گئے ہیں۔

آئینی ترمیم پر دستخط کرنے کے بعد صدر مملکت نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قبائلی علاقوں کا انضمام ایک تاریخ ساز واقعہ ہے جسے کامیاب بنانے کے لیے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس موقع پرفاٹا ریفارم کمیٹی ے کے سربراہ اور پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے اس موقع پر کہا کہ اس آئینی ترمیم کے بعد قبائلی علاقے خیبر پختونخوا کا حصہ بن گئے ہیں۔

انھوں نے کہا ان علاقوں کے عوام کو ملک کے دیگر تمام علاقوں کے مساوی حقوق حاصل ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سابقہ ایجنسیاں اضلاع میں بدل چکی ہیں جو اب مغربی اضلاع کہلائیں گی، اسی طرح اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ڈپٹی کمشنرز میں بدل گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.