بڑے بجلی چور پکڑیں گے تو بجلی سستی کرنے کاموقع ملےگا، وزیراعظم
فوٹو : ریڈیو پاکستان
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ بجلی چوروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کیلئے اہم فیصلے کروں گا۔
وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ، جس میں توانائی شعبے میں عوامی ریلیف کے لئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور بجلی کی قیمتیں کم،چوری کی روک تھام سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سابقہ دورحکومت میں بجلی چوری کرنیوالوں سےرعایت برتی گئی، چند ہزار روپے بل دینے والےبجلی چوروں سے کروڑوں روپے ریکور کر لئے گئے ،ہزاروں افرادکیخلاف مقدمات درج ہیں۔
وزیراعظم نے کریک ڈاؤن تیز کرنے اور بلاتعطل کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا بجلی چوری کاخمیازہ غریب عوام کسی صورت برداشت نہیں کرے گی.
عمران خان نے ہدایت کی بڑے بجلی چوروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے، سیاسی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر غریب کا تحفظ کریں اور فوکس سیاسی نہیں عوامی مفاد پررکھیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا سیاسی طور پرنقصان برداشت کرسکتےہیں غریب کےتحفظ پرسمجھوتہ نہیں کر سکتے ، آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کیلئے اہم فیصلے کروں گا۔
وزیراعظم نے بجلی چوروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا بڑے بجلی چوروں پر ہاتھ ڈالیں گے تو بجلی سستی کرنے کاموقع ملےگا، یقینی بنایا جائے بجلی چوری کی قیمت غریب عوام کونہ دینی پڑے.
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقوں کو ریلیف دینے کیلئے مختلف شعبوں میں مالی اعانت اور تعاون فراہم کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اعانت کی فراہمی کے علاوہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستحق افراد کیلئے امدادی رقم فائدہ مند ثابت ہو۔توانائی اور دیگر شعبوں سمیت عوام پر بوجھ کم کرنے کیلئے حکومت کی کوششوں پر اظہار خیال کیا.
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بدعنوانی، انتظامی نقائص اور غفلت کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دے گی۔آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے کی کامیابی پر اطمینان ظاہر کیا.
وزیر اعظم نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران عوام کو منی بجٹ سے محفوظ رکھنا حکومت کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور انکی سمت پر آئی ایم ایف کا اطمینان ظاہر ہوتا ہے.