سپاہی شہید ہو تو لگتا ہے کہ میرے جسم کا ایک حصہ جدا ہو گیاہے’ آرمی چیف
فوٹو، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ( ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں جب کوئی سپاہی شہید ہوتا ہے تو لگتا ہے کہ میرے جسم کا ایک حصہ جدا ہو گیا،
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید کرنل سہیل عابد کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ جب کوئی سپاہی شہید ہوتا ہے تو لگتا ہے کہ میرے جسم کا ایک حصہ جدا ہو گیا، وہ رات گزارنا میرے لیے بہت مشکل ہوتی ہے۔ لیکن ہم وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی کیلئے پرعزم ہیں۔
واضح رہے شہید کرنل کو کلی الماس میں خود کش بمباروں کی اطلاع ملی تو ساتھیوں سمیت انہیں جا لیا۔ گولیوں کی بوچھاڑ کرنل سہیل عابد اور ساتھیوں کی پیش قدمی نہ روک سکی۔
کرنل سہیل عابد نے ساتھیوں کے ہمراہ بے جگری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ آپریشن میں اے ٹی ایف کے شدید زخمی حوالدار ثناء اللہ بھی شہادت کے منصب پر فائز ہوئے۔ دورانِ آپریشن 2 افغانی خود کش بمبار، 4 دہشتگردوں سمیت مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کا سرغنہ سلمان بادینی بھی شامل ہے۔ بادینی 100سے زائد ہزارہ کمیونٹی کے افراد اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا، جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی۔
آپریشن کے دوران ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد گرفتار بھی کیا گیا۔ کرنل سہیل عابد شہید کے پسماندگان میں بیوہ، 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔