چیئرمین سینٹ کا ارکان قو می اسمبلی کے اعزاز میں عشاءیہ

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک )چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے دونوں ایوانوں کے ار اکین ملکی و قومی مفاد اور عوامی احساسات کے محافظ اور امین ہیں۔ ملک کے ایک ایک انچ کی نمائندگی کرنے والے یہ اراکین پارلیمنٹ قانون سازی ، عوامی اورملکی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے قابل عمل حل کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینٹ نے اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ آج ایک نئی اور منفرد روایت کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ دونوں ایوانوں کے مابین پہلے سے موجود بہترین ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جائے۔صدر مملکت ممنون حسین کی آج یہاں موجودگی سے اس چھت کے نیچے پارلیمنٹ مکمل ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہماری دعوت قبول کرکے ایوان بالاء کو عزت دی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی ہمیشہ دونوں ایوانوں کے مابین موثر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے کیلئے سرگرم رہے ہیں اور قانون سازی کے علاوہ انتظامی امور کے حوالے سے بھی ایوان بالاء سے بھر پور تعاون کیا۔

چیئرمین سینٹ نے اراکین قومی اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی و قومی مفاد اور عوامی نمائندگی کا فریضہ انتہائی محنت اور جانفشانی سے سرانجام دیا ہے۔ جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمانی جمہوریت کے فروغ اورملکی ترقی کیلئے ایسی روایات قائم کی ہیں جس سے عوام کا جمہوریت اور جمہوری اداروں پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والی اسمبلی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملکی ترقی اور عوامی خد مات کا یہ سفر جاری رکھیں گی ۔

چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالاء کے نصف اراکین نے کچھ روز قبل اپنی مدت مکمل کی اور ان کی جگہ نئے اراکین پارلیمنٹ کا حصہ بنے ۔قومی اسمبلی چند روز بعد اپنی مدت مکمل کرنے جارہی ہے اور انتخابات کے بعد نئے اراکین پارلیمنٹ کی نئی مدت کا آغاز جمہوریت کے تسلسل کی جانب ایک اور سنگ میل عبور کرنے کے مترادف ہے ۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ایوان نہ صرف ایک دوسرے کے ساتھ پہلے سے زیادہ مستحکم روابط قائم کریں گے بلکہ ملکی ترقی ،عوامی نمائندگی اور وفاقیت کے استحکام کے لئے صوبائی اکائیوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔عشائیہ میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا ، قائد ایوان سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا ، محمود خان اچکزئی ، شاہ محمود قریشی ، سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر شبلی فراز ، سینیٹر دلاور خان کے علاوہ بڑی تعداد میں اراکین پارلیمنٹ میڈیا کے نمائندوں وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت نے شرکت کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.