مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کااحترام کیا جانا چاہیے،یواین سیکرٹری جنرل
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے۔
انتونیو گوتریس سے اسلام آباد میں مہاجرین کے وفد نے ملاقات کی ، وفد میں افغانستان، تاجکستان اور یمن کے مہاجرین شامل تھے، مہاجرین کے نمائندوں نے دوران گفتگو انتونیو گوتریس کو پاکستان میں تعلیم، کاروبار،اور ہنر سے متعلق تجربات سے آگاہ کیا۔
پناہ گزینوں نے سیکرٹری جنرل کو اپنے ممالک میں ظلم و ستم اور تشدد کی روداد بھی سنائیں، انتونیوگوتریس نے کہا کہ پاکستان نے افغان جنگ سے متاثر 45 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ دی اور ان کے لیے بہترین انتظامات کیے.
انھوں نے کہا پاکستان کے عوام نے افغان مہاجرین کی بھرپور مہمان نوازی کی، طویل عرصے تک افغان مہاجرین کی میزبانی پرہم پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔
یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مسلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا.
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگونتریس نے
ایک تقریب سے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک آبی معاہدہ موجود ہے، معاہدہ میں عالمی بنک ضامن ہے، ہمارا بھی ایسا ہی معاہدہ اسپین کے ساتھ ہے، پانی ہتھیار نہیں بلکہ امن کا ضامن ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے، نہ صرف کشمیر بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کا احترام کیا جانا چاہیے، انسانی حقوق کمشنر کی دو رپورٹس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی مکمل عکاسی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا آج پاکستان پہنچنے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور حکام نے انتونیو گوتریس کا استقبال کیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات طے ہے جبکہ 6 بجے مشترکہ پریس کانفرنس ہو گی۔
یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے ملاقات بھی شیڈول ہے، پاکستانی قیادت سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیرکے تمام پہلوؤں سے آگاہ کرے گی۔
انتونیو گوتریس موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ڈسکشن میں شریک ہوں گے، پیر کو دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے افغان مہاجرین میں شرکت کریں گے۔
شیڈول کے مطابق صدر مملکت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اعزاز میں عشایہ دینگے،18 فروری کو سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس لاہور جائیں گے جہاں وہ لمز یونیورسٹی میں طلباء سے ملیں گے۔
معزز مہمان یو این پولیو مہم کا آغاز کرینگے، وہ بادشاہی مسجد بھی جائیں گے، انتونیو گوتریس نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہ پاکستان دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل ہے.
دنیا میں امن کوششوں میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ امن کے لیے خدمات انجام دینے پر پاکستانی عوام سے تشکر کا اظہار کرتا ہوں۔