ای سی سی نےگیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موخر کر دی
اسلام آباد(ویب ڈیسک )اقتصادی رابطہ کمیٹی نےپاکستان سٹیل ملز کے واجبات کی مد میں 35 کروڑ روپے گیس کی بل کی منظوری دے دی،گیس کے نرخ میں اضافے کی سمری پر غور موخر کر دیا گیا.
ای سی سی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی صدارت میں ہوا جس میں وزارت خزانہ کو 8 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری کے علاوہ ای گورننس منصوبے کیلئے 10 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔
وزارت خزانہ کی تجویز پر پاکستان مورگیج ریفائنانس کمپنی لمیٹڈ کے لیے عالمی بنک سے حاصل کردہ 14 کروڑ ڈالر قرضہ کی ایک کروڑ ڈالر رقم کی تیسری قسط کے لیے رسک شیئرنگ سہولت کے نفاذ کے لیے ٹرسٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی مواصلات کی تجویز پر ای گورنمنٹ پروگرام کے نفاذ کے لیے درکار انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی انفرا سٹرکچر کی مرکزی طور پر خریداری کے لیے 10 کروڑ روپے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی۔
ای سی سی نے وزارت خزانہ کی تجویز پر سٹیٹ بنک آف پاکستان کو ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (ایچ بی ایف سی ایل) میں اپنے شیئرز فروخت کرنے کی اجازت دے دی۔
ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی تجویز پر پاکستان سٹیل ملز کے ذمہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے واجب الا ادا گیس بلوں کی ادائیگی کی مد میں 35 کروڑ روپے کے اجراء کی منظوری دی.