پاکستان نےبیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کر لیا
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان نے آج زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجریہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق میزائل 290 کلومیٹر تک مختلف قسم کے وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
صدرعارف علوی ، وزیراعظم عمران خان ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس عظیم کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ میزائل کا آزمائشی تجربہ آرمی سٹرٹیجک فورسز کمان کی زمینی تربیتی مشق کا حصہ ہے جس کا مقصد دن اور رات کے وقت جنگی تیاری کے عمل کو جانچنا ہے۔
سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج،آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ کے کمانڈر ،چیئرمین نیسکام، سٹرٹیجک پلانز ڈویژن ،آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ، سٹرٹیجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن نے ہتھیاروں کے نظام کو چلانے میں انتہائی اعلیٰ معیار کی کارکردگی دکھانے پر آرمی سٹرٹیجک فورسز کی عملی تیاریوں کو سراہا۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے کہا مربوط سٹرٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول کے نظام اورسٹرٹیجک فورسز کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔