قومی سلامتی کمیٹی کامسلہ کشمیر موثر انداز سے عالمی سطح پر اٹھانے کافیصلہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک )قومی سلامتی کمیٹی کا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت میں اجلاس، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔
اجلاس کے بعد ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں تینوں۔مسلح افواج کے سربراہان سمیت متعلقہ اداروں کے حکام اور وزراء نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے حالیہ مظالم اوت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا، حالیہ مظالم کے دوران بیس کشمیری شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے نھی شامل ہیں۔
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کرنے والے کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گنز کے استعمال کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی جبکہ مظالم کے خلاف سینہ سپر ہو کر کھڑے ہونے اور آواز بلند کرنے پر کشمیریوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے بھارتی دعووٴں اور پروپیگنڈے کی قلعی کھول دی ہے۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گاتا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت حاصل کر سکیں۔
قومی سلامتی کمیٹی نے دوست ممالک اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اٹھانے کا فیصلہ کیا تاکہ عالمی برادری کو بھارتی مظالم سے آگاہ کیا جا سکے اجلاس میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور کا جائزہ بھی لیا گیا ۔