امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر پھر ثالثی کی پیشکش

0

فوٹو : اے ایف پی

ڈیوس(ویب ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی ڈیوس میں ملاقات ہوئی ہے جس میں ٹرمپ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے.

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان میرے دوست ہیں، ان کیساتھ ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک ماضی میں کبھی اتنے قریب نہیں رہے جتنے آج ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کیساتھ دوبارہ ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور امریکا ایک پیج پر ہیں۔

عمران خان نے کہا پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے کے استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ امریکی صدر کے ساتھ افغانستان کی صورتحال پر بات ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک بڑا مسئلہ بھارت کے ساتھ معاملات ہیں، امید ہے امریکا اس معاملے کوحل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا کیوں کہ بھارت کے ساتھ معاملات کوئی دوسرا ملک حل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن واستحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے 3 روزہ دورے پر ڈیووس پہنچے ہیں جہاں وہ کئی عالمی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.