بھارتی حملوں پر پاکستان کا خاموش بیٹھنا مشکل ہو جائے گا، وزیراعظم
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے بھارت حملوں کا سلسلہ دراز نہ کرے، ھارت اگر ایسا کرتا ہے تو پاکستان کے لیے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہو جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت کے حوالے سے بات کی۔
انھوں نے کہا ہندوستان کے ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام جاری رکھتا ہے تو پاکستان کے لیے خاموش تماشائی بنے رہنا مشکل ہو جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ بندی لکیر کے اس پار نہتے شہریوں پر مقبوضہ بھارتی افواج کے شدت پکڑتے اور معمول بنتے حملوں کے پیش نظر لازم ہے کہ سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن کی مقبوضہ کشمیر میں فی الفور واپسی کے لیے بھارت سے اصرار کرے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں ہندوستان کے ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بھارت جنگ بندی لکیر کے اس پار عسکری حملوں میں نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ دراز نہ کرے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن مسلسل 168 روز سے جاری ہے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بدستور معطل ہے۔