ملالہ کی خصوصی ہیلی کاپٹر پر سوات آمد، گھر پہنچ کر آبدیدہ ہوگئی
مینگورہ (ویب ڈیسک )ساڑھے پانچ سال پہلے گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں سوات سے جانے والی ملالہ یوسفزئی والدین کے ہمراہ خصوصی ہیلی کاپٹر پر سوات اپنے آبائی گھر پہنچ گئی۔
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی والدین اور بھائی کے ہمراہ مینگورہ پہنچی، ملالہ یوسفزئی اپنے آبائی گھر پہنچنے پر آبدیدہ ہوگئیں۔
اس موقع پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب بھی ملالہ کے ساتھ مینگورہ پہنچی ہیں۔ ملالہ یوسف زئی کی سوات آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، اہم راستوں پر سکیورٹی اہلکار بھی تعینات تھے۔
ملالہ نے ایک عرصہ بعد جب اپنے گھر قدم رکھا تو جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔ گل مکئی نے اپنے رشتے داروں اور سہیلیوں کے ساتھ وقت گزارا اور ماضی کی یادیں تازہ کیں۔
ملالہ نے بعد میں سوات کیڈٹ کالج کا بھی دورہ کیا، کالج سٹاف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا ساڑھے پانچ سال کے بعد سوات آنے پر بے حد خوش ہوں۔ انہوں نے شاندار استقبال پر کالج سٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ملالہ یوسفزئی نے سوات کیڈٹ کالج میں طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تعلیم مکمل کرنے کے بعد سوات واپس آونگی، سوات آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا سوات جنت کا ٹکڑا ہے پوری دنیا میں ایسی جگہ نہیں ہے، سوات میں فورسز کی قربانیوں کے بعد امن آیا ہے، اپنے گھر پہنچ کر بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں۔