الریاض،پاکستان حج والنٹیئرز گروپ کی تقریب، پاکستانی سفیر نے اسناد دیں
فوٹو : زمینی حقائق ڈاٹ کام
الریاض (ابرار تنولی) پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے عازمین حج کی خدمت و رہنمائی کیلئے سعودی عرب میں قائم پاکستانیوں کی غیر سرکاری تنظیم پاکستان حج والنٹیئرز گروپ کے زیرِ اہتمام سعودی دارلحکومت کے الریاض میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا کیاگیا جس کے مہمان خصوصی سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجہ علی اعجاز تھے.
مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب میں رضاکاروں کو تعریفی اسناد دی گئیں، تقریب میں بڑی تعداد میں گروپ سے وابستہ رضاکاروں، سماجی و سیاسی تنظیموں کے نمائندوں اور صحافت کے شعبہ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاپاکستان حج والنٹیئرز گروپ نہ صرف اللہ کی رضا کیلئے بلا معاوضہ خدمات سرانجام دیتا ہے بلکہ پاکستان کی نیک نامی اور وقار کا باعث ہے انہوں نے کہا کہ پچھلے سال حج کی ادائیگی کے دوران میں نے خود منی’ میں جب رضا کروں کو کام کرتے دیکھا تو میرا فخر سے سر بلند ہوگیا.
راجہ علی اعجاز نے کہا پاکستانی پرچم سے مزین جیکٹ اور ٹوپی پہنے رضاکاروں کاحجاج کی رہنمائی کا فرض ادا کرتے دیکھنا میرے لئےخوشگوار حیرت دلی اطمینان کا باعث تھا کیونکہ میں اس سے پہلے اس گروپ کے بارے میں نہیں جانتا تھا کہ پاکستانی رضاکار دنیا بھر سے آئے حجاج کی خدمات سرانجام دیتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ان رضاکاروں کو پاکستانی پرچم والی جیکٹس پہنے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ، سفیر پاکستان نے رضاکاروں اور گروپ انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نہ صرف اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا بلکہ گروپ کی باقاعدہ سرپرستی کا اعلان بھی کیا.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گروپ کو درپیش مسائل کے حل جن میں رضاکاروں کی تربیتی کیلئے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موجود کمیونٹی سکولوں کے ہالز کی فراہمی اور گروپ کی رجسٹریشن کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے قبل پی ایچ وی جی الریاض کے سینئر ممبر ابرار تنولی نے حج گروپ کی پچھلے سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی.
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال حج آپریشن میں گروپ کے دو ہزار سے زائد رضاکاروں نے حصہ لیا اور چار لاکھ حجاج کو ان کے خیموں، ریلوے اسٹیشنوں، جمعرات، میڈیکل سنٹر اور دیگر مقامات تک پہنچنے میں مدد کی اس دوران 2500 حاجیوں کو جو پیدل چلنے سے قاصر تھے ویل چیئرز کی مدد سے ان کے مطلوبہ مقامات تک پہنچایا گیا.
ابرار تنولی کا مزید کہنا تھا کہ گروپ ایسے حجاج جو کسی حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں یا بیماری کے باعث طواف کرنے کی سکت نہیں رکھتے انہیں ایمبولینس یا گاڑیوں کے ذریعے حرم شریف لے جا کا ویل چیئرز پر طواف زیارہ بھی کرایا جاتا ہے تاکہ وہ حج کی سعادت سے محروم نہ رہیں اور گزشتہ سال 60 کے قریب افراد کو طواف زیارہ کرایا گیا۔
انہوں نے گروپ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی ایچ وی جی حج کے دوران کئی پراجیکٹس پر بیک وقت کام کر رہا ہوتا ہے جن میں حاجیوں کی آمد کے ساتھ ہی حرم مکی کے اطراف موجود رہ کر حاجیوں کی رہنمائی، ان کی رہائشی عمارتوں میں جا کر مشاعرہ مقدسہ اور حج کی ادائیگی کے دوران پیش آنے والے مسائل اور ان سے نبردآزما ہونے کیلئے تربیتی نشتوں کا اہتمام بھی کرتا ہے.
ابرار تنولی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ حج کے دوران ڈیڑھ لاکھ پانی کی بوتلیں اور 400 ویل چیئرز ضرورت مند حاجیوں میں تقسیم کی گئیں اور العزیزیہ پراجیکٹ کے تحت ہزاروں حجاج کو ان کی رہائشی عمارتوں تک پہنچنے میں مدد فرائم کی گئی.
تقریب کے دوران شرکاء کو گروپ کے کام کے حوالے سے ایک تعارفی ڈوکومینٹری بھی دکھائی گئی جس میں گروپ کے مقاصد کام کرنے کا طریقہ کار اور دیگر سرگرمیوں پر روشنی ڈالی گئی،اس موقع پر گروپ کے سینئر رہنما پروفیسر ڈاکٹر ظفرالہی نے انسانیت کی خدمت اور حج رضاکاروں کی اہمیت کے موضوع پرروشنی ڈالی.
ڈاکٹر ظفرالہی نے بتایا کہ ہم سب کو انسانیت کی خدمت و فلاح کیلئے بھرپور کوششیں کرنی چاہیں انہوں نے کہا حج رضاکار گروپ انتہائی منظم انداز میں اور بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا فریضہ انجام دیتا ہے ڈاکٹر ظفرالہی کا کہنا تھا کہ ہماری بھلائی اسی میں ہے کہ ہم دوسروں کی مدد کریں
تقریب میں "انڈرسٹینڈ قرآن” پروگرام کے سینئر ممبر تنویر احمد نے جامع پرسنٹیشن بھی دی جس میں انہوں نے کہا کہ ہم سب کو انڈرسٹینڈ قرآن پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھ سکیں اور اللہ کے احکامات پر صحیح طرح عمل پیرا کو سکیں۔
پی ایچ وی جی الریاض کے کووارڈینیٹر عبداللہ اسلم راجہ نے سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف اور ہال میں موجود مہمانوں، گروپ کے رضاکاروں صحافیوں اور گروپ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انسانی فلاح ہمارا متمعہ نظر ہونا چاہئے۔
تقریب میں 250 رضاکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں اور گروپ کی مدد اور تعاون فرائم کرنے پر پاکستان انٹرنیشنل سکول الریاض کے پرنسپل ائرکموڈور(ر) نعیم اختر اور پاکستان کلچرل گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفراللہ خان کو یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں.
اس موقع گروپ کی جانب سے سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کو یادگاری شیلڈ بھی دی گئی آخر میں گروپ کے سینئر رہنما انجینئر جلیل حسن نے دعا کرائی ۔
اس سے قبل تقریب کا آغاز گروپ کے سینئر ممبر سید بادشاہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور ہدیہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم معروف صحافی عابد شمعون چاند نے پیش کی جبکہ نظامت کے فرائض گروپ کے سینئر ممبر ابرار تنولی نے ادا کئے۔