خیبر پختونخوا کابینہ میں ردوبدل، توسیع، قبائلی اضلاع کو نمائندگی مل گئی
فوٹو : فائل
پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) خیبرپختونخوا کے گورنر و وزیر اعلیٰ کی وزیراعظم سے چند دن پہلے کی ملاقات کی مشاورت کے مطابق صوبائی کابینہ میں ردو بدل اور توسیع کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اقبال وزیراورشاہ محمد صوبائی کابینہ میں بطور وزیر شامل ہوگئے۔ اقبال وزیر کو وزیر ریلیف اور شاہ محمد کو وزیر ٹرانسپورٹ بنادیا گیا۔
اقبال وزیرکا تعلق قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے ہے، خلیق الرحمان کو وزیراعلی کا مشیر برائے ہایئر ایجوکیشن کا قلمدان سونپا گیا ہے، جب کہ عارف احمد زئی، شفیع اللہ، ریاض خان اور ظہور شاکر معاونین خصوصی بنائے گے ہیں ۔
وزیرزادہ، احمد خان سواتی، غزن جمال اور تاج محمد بھی معاونین خصوصی ہوں گے۔ وزیر زادہ چترال سے پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن ہیں۔
عارف احمد زئی کو معدنیات اور غزن جمال کو ایکسائز کا محکمہ دیا گیا ہے۔ جب کہ وزیر بلدیات شہرام ترکئی کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں وزیر صحت بنادیا گیا۔
وزیر صحت ہشام انعام اللہ کی وزارت تبدیل کرکے انہیں سماجی بہبود کا قلمدان سونپا گیا ہے، اکبرایوب خان سے سی اینڈ ڈبلیو کا محکمہ واپس لے کر انہیں محکمہ تعلیم کا محکمہ دیا گیاہے.
معاون خصوصی آئی ٹی کامران بنگش کے حوالے محکمہ بلدیات کا قلمدان کیا گیا ہے، مانسہرہ کے ارکان اسمبلی کو بھی کابینہ میں شمولیت کی امید کی جارہی تھی تاہم ایک بار پھر انھیں نظر انداز کر دیا گیا ہے.