بھارت کی طرفداری، پاکستان نے امریکی رپورٹ مسترد کر دی
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ کو مسترد کردی، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ جانب دارانہ ہے مسلمانوں کے خلاف حالیہ شہریت بل کے باوجود امریکہ نےبھارت کا نام اس میں شامل نہیں کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور اس حوالے سے حکومت، پارلیمنٹ اور عدلیہ نے ٹھوس کوششیں کی ہیں ۔
پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ امریکی رپورٹ پاکستان کے زمینی حقائق کے برعکس ہے جس میں مخصوص ممالک کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ مذہبی پابندیوں میں بھارت کا شمار بھول گیا، بھارت مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والا سب سے بڑا ملک اور اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔
عائشہ فاروقی نے واضح کیا کہ امریکی کانگریس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دو مرتبہ اجلاس منعقد کیے، اقوام متحدہ کےانسانی حقوق کمیشن نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا.
بھارت کا حالیہ شہریت بل بھارت کے اقلیتوں سے امتیازی سلوک کا ثبوت ہے، امریکی رپورٹ غیر جانب دارانہ نہیں کیوں کہ اس میں بھارت کو شامل نہیں کیا گیا۔