بھارتی وزیرکوکشمیر پر سوالات کاخوف،امریکی کانگریس ارکان سے ملاقات منسوخ
فوٹو : ٹوئٹر
اسلام آباد(ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی مخالفت اور پابندیاں اٹھانے کے مطالبے پر نالاں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے امریکی کانگریس کے سینئر اراکین سے ملاقات منسوخ کردی ۔
اس حوالے سے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے یہ مطالبہ سامنے آیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات اور پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والی کانگریس کی خاتون رکن کو ملاقات میں شریک نہ کیا جائے.
امریکہ نے بھارتی وزیر خارجہ کی طرف سے ملاقاتی افراد کی فہرست سے خاتون رکن کا نام نکالنے سے انکار کیا جس پر مسئلہ کشمیرکے حوالے سے بھارتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنانے کے خدشہ پر ملاقات منسوخ کی گئی.
واشنگٹن کے دورے کے دوران بھارتی وزیر خارجہ کو ایوان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین کے نمائندے ایلیٹ ایل اینجل، کمیٹی میں شامل اہم ریپبلیکن رکن مائیکل میک کول اور دیگر سے ملاقات کرنا تھی۔
امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹ کی خاتون رکن کانگریس پرامیلا جایاپال اور ریپبلکنز کے کانگریس رکن اسٹیو واٹکنز نے حال ہی میں بھارتی اقدامات کیخلاف قرارداد جمع کرائی تھی.
قرارداد میں بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلات پر عائد پابندیاں ختم کرتے ہوئے جلد از جلد وادی کا محاصرہ کر کے تمام شہریوں کو مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دے۔
یاد رہے حالیہ عرصہ میں بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے، کرفیو اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بر عکس فیصلے کے باعث دنیا بھر میں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے.