سابق گورنر سردار مہتاب بھی نیب کے ریڈار میں آگئے
فوٹو: فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک)سابق گورنرنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کے خلاف نیب نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
نیب کے سوالنامے میں مہتاب عباسی کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ذرائع آمدن اور بچوں کی تعلیم پر اٹھنے والے اخراجات، بیرون ملک سفر اور سرمایہ کاری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں۔
سردار مہتاب سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ یا خاندان کے کسی رکن نے سوئٹزرلینڈ اور سویڈن میں سرمایہ کاری کی ہے؟ ٹیکسلا میں کشمیر ہاوٴسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری کی تفصیل فراہم کی جائیں۔
سردار مہتاب عباسی سے پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ کے بیٹے شمعون عباسی کا احمد نواز نامی کوئی دوست ہے؟ کیا شمعون عباسی اور احمد نواز نے کوئی مشترکہ سرمایہ کاری کی ہے؟
واضح رہے کہ سابق گورنر خیبر پختونخوا کے خلاف سابق سی ای او، پی آئی اے کی غیر قانونی تقرری کا نیب ریفرنس بھی زیر سماعت ہے۔
نیب کی طرف سے سردار مہتاب عباسی سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے پی آئی اے کا منافع بخش روٹ منسوخ کرکے نجی ائیر لائن ائیر بلیو کو نوازا ہے؟
یاد رہے سردار مہتاب وفاقی وزیر ، وزیراعلیٰ کے بعد گورنر کے پی کے بھی رہ چکے ہیں جب کہ گزشتہ الیکشن سے کچھ عرصہ پہلے انھوں نے انتخابات لڑنے کیلئے قانونی مدت پوری کرنے کیلئے گورنرشپ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔