حکومت کا کام نوکریاں پیدا کرنا ہے، وزیراعظم
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کے راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو ختم اور نوکریاں پیدا کرنا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے کامیاب نوجوان پروگرام کی تقریب سے خطاب میں کہا یہ پروگرام نوجوانوں کے لئے ہے۔ ہم ملک میں میرٹ سسٹم لا رہے ہیں، چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو آسانیوں کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا بزنس کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری کوشش ہونی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ زندگی جدوجہد کا نام، کوئی بھی پہلے دن کامیاب نہیں ہوتا، محنت کرنے والے ہی آگے بڑھتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ دنیا کو پتا چل رہا ہے کہ پاکستان کو اللہ نے کتنی خوبصورتی دی ہے۔ سب سے سے جلدی نوکریاں سیاحت سے ملیں گی۔ اس کے علاوہ ہماری خواتین کو بہت ضرورت ہے کہ انھیں نئے مواقع ملیں۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں اور وہاں کے سسٹم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہر شعبے میں نمایاں ہیں، ساجد خان جیسے لوگ خود محنت کر کے آگے پہنچے، امریکا میں ٹاپ بزنس مین پاکستانی ملیں گے۔
عمران خان نے کہا وہ ملک آگے نکلتا ہے جس کا میرٹ کا سسٹم بہتر ہوتا ہے۔ کامیاب معاشرے میں شفافیت ہوتی ہے اور لوگوں کو سہولتیں دیتا ہے، جس میں محنت کرنے کی قابلیت ہوتی ہے وہ آگے بڑھتے ہیں، حکومت چاہتی ہے نوجوان آگے بڑھیں۔
وزیراعظم سے سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے وفد کی ملاقات
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے وفد نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی قیادت میں ملاقات کی، وفد سے گفتگو میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سے کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم سے کشور زہرہ،کنور نوید جمیل، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین خان، حمیدالظفر اور محمد راشد خلجی موجود تھے جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، غوث بخش مہر، ارباب غلام رحیم، مرتضیٰ جتوئی، ایاز پلیجو، صفدر عباسی، ذوالفقار مرزا اور علی گوہر مہر شریک تھے۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں صوبہ سندھ میں جاری فلاحی و ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے امور پر بریفنگ دی گئی جبکہ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو گیس کی مد میں ملنے والی رائلٹی کی رقوم کا علاقوں میں استعمال یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وفاقی حکومت سندھ کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے لہٰذا کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کرپشن کی وجہ سے ملک ترقی و خوشحالی سے محروم رہا اور ملک بھر میں احتساب کا عمل بلا تفریق و امتیاز اور بلا تعطل جاری رہے گا۔