چیف الیکشن کمشنر کےلیے وفاقی حکومت نے 3 نام تجویز کردیئے
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کےلیے وفاقی حکومت نے تین نام تجویز کردیئے ہیں، موجودہ چیف الیکشن کمشنرسردار محمد رضا آج 5 سالہ آئینی مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔
تینوں نام وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے حکومت نے تجویز کیے، نئے چیف الیکشن کمشنر کے لیے بابر یعقوب، فضل عباس میکن اورعارف خان کے نام دیے گئے ہیں۔
بابر یعقوب سیکرٹری الیکشن کمیشن ہیں، فضل عباس میکن سابق وفاقی سیکرٹری ہیں اور عارف احمد خان بھی سابق وفاقی سیکرٹری ہیں۔
اس سے قبل اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر کے لیے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کیے ہیں۔
یاد رہے کہ سندھ اور بلوچستان کے الیکشن کمیشن ارکان بھی 26 جنوری کو ریٹائر ہوگئے تھے اور تاحال حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ان کے ناموں پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر اور 2 ارکان کی ریٹائرمنٹ کے نتیجے میں الیکشن کمیشن غیرفعال ہوجائے گا جب کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر اپوزیشن سپریم کورٹ سے بھی رجوع کر چکی ہے.