سلیکٹڈ حکومت آمر کو بچانے کی کوشش کررہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سننے میں آرہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت آمر کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔

پمز اسپتال اسلام آباد میں والد آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ’  آج زرداری صاحب سے ملنے کا موقع ملا، ان کی طبیعت ناساز ہے لیکن حوصلہ بلند ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے ہمارا سندھ کا کیس پنڈی میں چل رہا ہے، آصف زرداری نے اس پر درخواست دائر کی تھی لیکن اب سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی جائے گی، عدالت راولپنڈی میں سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرے گی.

انھوں نے کہا امید ہے کہ ماضی کی کوتاہیوں اور غلطیوں سے جو نقصان ہوا ہے، اس بار انصاف ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے پرویز مشرف کے کیس سے متعلق کہا کہ اِس وقت ایک آمر کا کیس بھی چل رہا ہے اور چیف جسٹس کے مطابق اس کا فیصلہ جلد آنے والا تھا مگر اب سننے میں آرہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت ان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے تاہم پورے ملک کی نظریں اب عدلیہ کی جانب ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس بار عدالت کی طرف سے پیغام جانا چاہیے کہ انصاف سب کے لیے ہے، جناح کے پاکستان میں سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے، امید ہے ایک آمر کے خلاف بھی فیصلہ آئے گا جس سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔

آج ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے  بلاول کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں عوام کے مسائل زیر بحث لانے چاہئیں، عوام کے معاشی اور جمہوری حقوق کے لیے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آواز بلند کی.

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم نے غریب عوام کو ریلیف دینا ہے نہ کہ امیروں کو، اگر عام آدمی کو سبسڈی کا فائدہ ہوگا تو پیسہ معیشت میں گھومے گا اور فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان این آر او کی بات کرتےہیں تو اس سے وہ اپنی سیاست بچانے کی کوشش کرتے ہیں، جب سے عمران خان حکومت میں آئے ہیں وہ ’پیسہ دو چلے جاؤ‘ کی بات کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان ارب پتیوں کے لیے کرتی ہے، لیکن کسانوں اور طالبعلموں کے لیے کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے 19 نومبر کو سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 28 نومبر کو سنایا جانا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.