میانمارکا روہنگیا مظالم پر عالمی عدالت کا فیصلہ ماننے سے انکار
فوٹو: فائل
اسلام آباد(انٹرنیٹ نیوز)میانمار نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی تحقیقات کے لیے جرائم کی عالمی عدالت کا فیصلہ عالمی قوانین کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا۔
ایک دن پہلے ہی انٹرنیشنل کرائم کورٹ (آئی سی سی) نے میانمار میں 2017 میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تحقیقات کی منظوری دی تھی جس کا بائیں بازو کے گروپوں کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے عرب خبر رساں ادارے نے خبر دی ہے کہ میانمار حکومت کے ترجمان نے انٹرنیشنل کرائم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میانمار کے خلاف آئی سی سی کی تحقیقات عالمی قوانین کے مطابق نہیں ہے۔
میانمر کے حکومتی ترجمان نے کہا کہ اس معاملے سے متعلق کوئی بھی تحقیقات حکومتی کمیٹی کرے گی جس میں ضرورت پڑی تو احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میانمار حکومت نے روہنگیا کے خلاف کریک ڈاوٴن کا ایک بار پھر بھرپور دفاع کرتے ہوئے اسے ضروری کارروائی قرار دیا ہے جب کہ اس معاملے میں انٹرنیشنل کرائم کورٹ کے کردار کو تسلیم کرنے سے صاف انکار کردیاہے۔
یاد رے میانمار میں 2017 میں حکومتی سرپرستی میں فوج نے اقلیتوں پر مظالم ڈھائے اس دوران لوگوں کے گھروں سمیت پورے پورے گاوٴں کو آگ لگادی گئی ، سیکڑوں افراد کو قتل کیاگیا اور لاکھوں روہنگیا مسلمانوں کو بنگلادیش کی طرف ہجرت کرنا پڑی۔
اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کے مطابق روہنگیا پر فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے جب کہ اس ودران کئی خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے سمیت نسل کشی بھی کی گئی۔