بھارتی پنجاب میں عمران خان کے بینرز لگ گئے، سکھ ہیرو قرار دے رہے ہیں

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی کرتارپور راہداری کھولنے پر بھارتی پنجاب میں خوب پذیرائی مل رہی ہے اور جگہ جگہ پوسٹرز اور بینرز لگا دیے گئے ہیں ۔

جوں جوں کرتار پور راہداری کے افتتاح کی تاریخ قریب آ رہی ہے سکھ برادری میں جوش وخروش بڑھتا جا رہا ہے. بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کو اپوزیشن کی جانب سے کرتارپور راہداری کے معاملے پر شدید تنقید کا سامنا ہے.

بھارتی پنجاب کے مختلف علاقوں میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور نوجوت سنگھ سدھو کے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن میں کرتارپور راہداری کے معاملے پر دونوں شخصیات کو ہیرو قرار دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ یہ پوسٹرز امرتسر کے میونسپل کونسلر ہرپال سنگھ کی جانب سے لگوائے گئے ہیں جو نوجوت سنگھ سدھو کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور کانگریس رہنما نوجوت سدھو کے پوسٹر پر یہ بھی تحریر کیا گیا ہےکہ کرتارپورداری کھلوانے کو حقیقت بنانے پر عمران اور سدھو ہمارے ہیرو ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کے کئی علاقوں میں منگل کی دوپہر تک یہ بینرز دیکھے گئے جنہیں بعد میں ریاستی حکومت پر مرکز سے دباو پڑنے پراتارا گیا۔

یاد رہے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سابق کرکٹر اور کانگریس رہنما نوجوت سدھو وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان آئے تھے جس کے بعد انہیں بھارت میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

وزیراعظم عمران خان کرتارپورراہداری کا باضابطہ افتتاح 9 نومبر کو سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کریں گے اس موقع پر بھی سدھو کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.