سمندری طوفان کراچی سے750کلو میٹر کے فاصلے پر

0

کراچی(ویب ڈیسک ) سمندری طوفان سے ساحلی پٹی کے علاقے زیر آب آگئے،سمندر طوفان کیار کے باعث کراچی میں آج تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں سائیکلون کیار کے باعث آج تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور شمال مشرق سے 18 سے 27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے اور شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 33فیصد ہے۔

دوسری جانب سمندری طوفان کیار کے باعث رات گئے سمندر کی سطح بلند ہوگئی اور ساحلی پٹی پر واقع علاقے زیر آب آگئے،سمندر کا پانی گھروں میں داخل ہوا ہے،طوفان کے باعث ابراہیم حیدری کے علاقے ریڑھی گوٹھ، لٹھ بستی اور چشتہ گوٹھ کے گھروں میں سمندری پانی داخل ہوا۔

مچھیروں کو بھی گہرے سمندرمیں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے اٹھنے والا سپر سائیکلون کیار شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور سمندری طوفان کا رخ اومان کی جانب ہے جو کراچی سے 750کلومیٹر دور ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 30 اکتوبر تک مغربی ہواوٴں کا سسٹم سائیکلون پر اثر انداز ہوسکتا ہے، مغربی ہواوں کا یہ سسٹم سائیکلون کو کمزرو کردے گا یا رخ جنوب کی جانب کرسکتا ہے البتہ سائیکلون جنوب کی جانب ہونے پر پاکستان کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے اور گہرے سمندر میں لہریں 3سے 4میٹر تک بلند ہوسکتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.