ہمیں چھیڑا گیا تو دھمکانے والے گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے، فضل الرحمان
پشاور(ویب ڈیسک) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کچھ لوگ ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں اور اگر ہمیں چھیڑا گیا تو پھر وہ گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
پشاور میں جے یو آئی کے کنونشن سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کے تمام ادارے اگر آئین کی پاسداری کریں گے تو پھر کوئی جھگڑا نہیں ہوگا.
انھوں نے کہا ہمارے مینڈیٹ پر جو ڈاکا ڈالے گا اس کے خلاف جدوجہد کریں گے۔ کچھ لوگ ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں نہ چھیڑا جائے، اگر ہمیں چھیڑا گیا تو پھر آپ گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
امیر جے یو آئی نے کہا کہ آج ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے، تبدیلی والوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن 20 لاکھ بے روزگار کردیئے۔
یہ پہلے مرغیاں پھر بھینسیں اور اب لنگر خانے سے ملک کی معیشت ٹھیک کررہے ہیں۔ ہمیں اپنے ملک اور ملک کی معیشت کو بچانا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔ ہم بھی 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے بعد قافلے پھر اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں اتنا بے توقیر وزیراعظم نہیں دیکھا، آج ہمارا جعلی وزیراعظم جس ملک جاتا ہے کوئی استقبال کرنے نہیں آتا۔