لوگوں میں صبر نہیں، ابھی 13 ماہ ہوئے، پوچھتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان؟ وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ ابھی13 ماہ ہوئے ہیں اور لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان؟
تنقید کرنے والے لوگوں میں صبر نہیں ہے.
عمران خان نے احساس سیلانی لنگر اسکیم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسپتال بناتے وقت خوش قسمت افراد سے رابطہ رہا.
انھوں نے کہا احساس پروگرام غربت کم کرنے کا سب سے بڑا پروگرام ہے ، اس پروگرام سے لنگر خانے کے لیے فنڈ دیں گے، ہمیں کمزور طبقے کی ذمہ داری لینی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم سارا ٹیکس غریب پر مہنگائی کرکے اکٹھا کرتے ہیں، اس سے فاصلے بڑھ رہے ہیں، اس سے نظام میں برکت نہیں آتی، ہم اس کو الٹا کررہے ہیں.
ہم کاروباری طبقے کی مدد اس لیے کریں گے کہ وہ پیسہ بنائیں، اس سے ہمارا ٹیکس اکٹھا ہو اور وہ ہم کمزور طبقے پر خرچ کریں، جیسا چین نے کیا۔
وزیراعظم نے کہا ہم کاروباری طبقے کی پوری مدد کررہے ہیں، کبھی کسی حکومت نے انڈسٹری کی ایسی مدد نہیں کی جو ہم کررہے ہیں، نیا پاکستان ایک فلاحی ریاست ہوگا جو اب تک نہیں ہوا، لوگوں میں صبر نہیں ہوتا، 13 ماہ ہوئے ہیں اور لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان؟
انھوں نے کہا ہمارےلیے مدینہ کی ریاست آئیڈیل ہے لیکن وہ پہلے دن نہیں بن گئی تھی، وہ ایک جدوجہد تھی، یہ ملک بھی بدلے گا، آپ دیکھیں گے تبدیلی کیسے آئے گی۔
وزیراعظم نےکہا کہ جب ہم اپنے کمزور طبقے کی مدد کریں گے تو ریاست میں برکت آئے گی، اسپتالوں میں تبدیلی آرہی ہے، پولیس کا نظام تبدیل کررہے ہیں ہر اس جگہ کام کررہے ہیں جہاں عام آدمی کی زندگی بہتر ہو، جب لوگ بھوکے سوئیں تو ریاست میں بے برکتی آتی ہے.
اس سے قبل عمران خان نے احساس سیلانی لنگر اسکیم کا افتتاح کیا، اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ احساس سیلانی لنگر اسکیم کے تحت روزانہ 600 ضرورت مند افراد کو مفت کھانا تقسیم کیاجائےگا اور اس اسکیم کو دیگر شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا، ملک بھر میں 112 لنگر خانے کھولے جائیں گے۔