سعودی عرب میں غیرملکیوں کو میڈیا وپرنٹنگ کےکاروبار کی اجازت مل گئی
جدہ(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے غیر ملکوں کےلئے کاروبار کے دروازے کھول دیئے، غیرملکیوں کو میڈیا و پرنٹنگ کے کاروبار کی اجازت دے دی گئی۔
اس حوالے سے عرب میڈیا نے خبر دی ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں کابینہ کا خصوصی اجلاس میں غیرملکیوں کو میڈیا و پرنٹنگ کے کاروبار کی اجازت دی گئی ہے ۔
عرب میڈیا کے مطابق غیرملکی میڈیا کو سعودی عرب میں بیورو آفس کھولنے اور نمائندے مقرر کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔سعودی عریبین جنرل انویسٹمنٹ (ساجیا) اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری کرے گا۔
سعودی کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ میڈیا اور پرنٹنگ میں کام کرنے والوں کو انویسٹمنٹ اتھارٹی کی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔
سعودی عرب کے محکمہ سیاحت و قومی ثقافتی ورثہ کے چیئرمین احمد ال خطیب کا کہنا تھا کہ مملکت دنیا بھر سے آنے والے تمام سیاحوں کے لیے سیاحتی ویزے جاری کرنا شروع کردیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحتی ویزوں کا اجرا ملک میں روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا کرے گا۔سعودی سیاحتی ویزا کی ایک سب سے اہم خوبی یہ ہے کہ اسے بغیر کسی پیشگی شرط کے عمرہ کی ادائی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے کسی محرم کا ساتھ ہونا ضروری نہیں، عمرہ کی سہولت حج سیزن کے علاوہ پورا سال میسر ہوگی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب میں سیاحتی ویزے پر آنے والوں کو عمرہ ادائیگی کی بھی اجازت دی گئی تھی۔