پاکستانی سیاسی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس،خصوصی کشمیر کمیٹی بنا دی

0

ریاض (شاہ جہاں شیرازی) مجلسِ پاکستان کے زہراہتمام تمام تر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور ان کے نمائندگان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی نظامت حافظ عبدالوحید نے کی.

اجلاس میں  پاکستانی سیاسی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل خصوصی کشمیر کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیااور متفقہ طور پر رانا عبدالروف (مجلسِ پاکستان)کو چیئر مین اور احسن عباسی (پاکستان پیپلز پارٹی)و  سیکرٹری جنرل، میاں عبدالحامد چیف کوآرڈینیٹر اور وقار نسیم وامق کو میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔

کشمیر کمیٹی کے دیگر اراکین میں مولانا محمدہمایوں محسود (جمعیت علماء اسلام – ف),اقبال ودود (قومی وطن پارٹی)، رانا خالد اکرم (پاکستان مسلم لیگ -ن)،، مخدوم امین تاجر (پاکستان مسلم لیگ – ن)، فیصل علوی (جمعیتِ اہلِ حدیث پاکستان)، گلزیب کیانی (پاکستان تحریکِ انصاف)، ظہور احمدخان (عوامی نیشنل پارٹی)، حامد ناصر قادری (تحریک لبیک اسلام)، زاہد شریف (سنی تحریک)، حنیف بابر (پاک سرزمین پارٹی)اور سید محمد اقبال (جماعتِ اسلامی)شامل ہیں۔

اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا عبدالروف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورپاکستانی کمیونٹی کی تمام جماعتوں کا کشمیر کے اہم ترین مسئلہ کے لئے اکٹھا ہونا اور مل کر اس کے پرامن حل کے لئے جدوجہد کرنا انتہائی خوش آئند ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کمیٹی اس مسئلہ کے حل کے لئے کشمیریوں کی آواز بن کرہرممکن کردار ادا کرے گی۔کشمیر کمیٹی کے سیکرٹری جنرل احسن عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کشمیر کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے.

انھوں نے کہا آج پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ کشمیر کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ یکجا ہوکر اس اہم ترین مسئلہ کے حل کے لئے سرگرم ہے، ہم کشمیر کی آزادی کے لئے پرعزم ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت ملنا چاہئے۔

اجلاس میں کشمیر کمیٹی کے تمام اراکین نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کمیٹی اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اسے دنیا کے سامنے  اجاگر کے گی اور اس کے حل کے لئے اپنا سنجیدہ اور بھرپور کردار ادا کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.