سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات،حرمین شریفین کے تقدس وسلامتی کےلئے ساتھ ہیں، عمران خان

0

جدہ (شاہ جہاں شیرازی) وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا سے سعودی تیل کی رسدگاہوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حرمین شریفین کے تقدس کیلئے سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے  السلامہ محل  جدہ میں سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا.

ملاقات میں با ہمی دلچسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات سمیت دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی۔وزیر اعظم  پاکستان نے سعودی آرامکو کی تنصیبات پر ڈرون حملوں کی بھر پور  مذمت کی اور پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کو تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے اپنے مکمل وسائل کے ساتھ حمایت کی یقین دہانی کرائی.

ان تخریبی کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کو خطرہ  لاحق ہونے کی صورت میں پاکستانی حکومت اور عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوں گے۔

وزیر اعظم نے شاہ سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ لیکن تشویش ناک صورت حال سے بھی آگاہ کیا، جس پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسئلہ کشمیر پر دیرینہ حمایت اور یک جہتی کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ذوالفقار بخاری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجہ علی اعجاز بھی شریک تھے.

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان،وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم العساف، وزیر مملکت شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد،وزیر برائے نیشنل گارڈ شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز،سعودی انٹیلی جنس کے سربراہ خالد الحمیدان اور پاکستان میں متعیّن سعودی سفیر نواف المالکی, گورنر مکہ شہزادہ خالد الفصیل اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر أئے تھے، آج وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔گزشتہ روز انھوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی، اور انھیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا.

وزیر اعظم نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کی بھی شدید مذمت کی۔ رات گئے اپنے تیس رکنی  وفد کے ہمراہ عمر ے کی سعادت بھی حاصل کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.