مقبوضہ کشمیر، 42 ویں دن بھی لاک ڈاون جاری رہا، مزید 3 کشمیری نوجوان شہید
سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میںقابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن مسلسل 42 روز سے جاری رہا. تین کشمیری نوجوان شہید کر دیے گئے.
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔
دو نوجوانوں کو ضلع کٹھوعہ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا جبکہ ایک کو دوران حراست شہید کیا گیا جس کی شناخت اخلاق احمد خان کے نام سے ہوئی۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق غاصب بھارتی فوج کی جانب سے اب تک 40 ہزار سے زائد کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
تمام تر بندشوں کے باوجود بھارتی فورسز کشمیریوں کا جذبہ آزادی نہ دباسکیں، بھارت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور روزانہ 20 کے قریب مظاہرے ہوتے ہیں، 42 روز میں مقبوضہ وادی میں 722 احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔
یاد رہے لاک ڈاؤن کے باعث مقبوضہ وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہوگئی ہے جبکہ ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی مسلسل بند ہیں۔