پیپلز پارٹی کا جے یو آئی کے اسلام آباد لاک ڈاؤن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسلام آباد لاک ڈاؤن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جامشورو میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں احتجاج کیلئے خود پہل کی اور اعلان کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کیے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی بھی اس دھرنے میں شریک ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فضل الرحمان کی سیاست اور ایشوز کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرتے ہیں تاہم پیپلزپارٹی پہلے بھی اپوزیشن میں ہوتے ہوئے دھرنا سیاست میں شریک نہیں ہوئی۔

بلاول نے کہا مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں ہوں گے اور میں پورے پاکستان کا دورہ کروں گا، دونوں کا بیانیہ ایک ہی ہوگاکہ کٹھ پتلی حکومت کو برداشت نہیں کرسکتے۔

پی پی چیئرمین نے وزیراعظم کی کراچی سے متعلق بنائی گئی کمیٹی کو غیر آئینی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس اور متحدہ قومی مومنٹ سندھ کو توڑنے اور کراچی کو الگ کرنے کی سوچ رکھتے ہیں جس کی اجازت نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ 19 اگست کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی اسلام آباد میں ہوئی تھی جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کمر کے درد اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی دورے کے باعث اے پی سی میں شریک نہیں ہوئے تھے۔

یاد رہے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں حکومت گرانے کیلئے وفاقی دارالحکومت کے لاک ڈاؤن کا اعلان کررکھا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.